اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس شروع
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا بہترواں سالانہ اجلاس سکریٹری جنرل اینٹونیو گوترش کی تقریر سے شروع ہوگیا ہے
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹینیو گوترش نے منگل کو جنرل اسمبلی کے بہترویں سالانہ اجلاس کے پہلے مقرر کی حیثیت سے افتتاحی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا ہماری خواہش ہے کہ دنیا ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہوجائے کیونکہ دنیا کے لوگ ایٹمی جنگ سے خوف زدہ ہیں - گوترش نے امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان لفظی جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئےاس خدشے کا اظہار کیا کہ کہیں اس لفظی جنگ سے ایٹمی جنگ شروع نہ ہوجائے- ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی جنگ تو دور کی بات ایٹمی جنگ کی دھمکی بھی قابل قبول نہیں ہے- اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے میانمارکے مسائل کے حل میں تشدد کی روش کو ناکام قراردیتے ہوئے میانمار کی حکومت سے صاف لفظوں میں کہا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام بند کرے - انہوں نے کہا کہ میانمارکے حکام کو چاہئےکہ وہ فوجی کارروائیوں کو بند کریں، انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کو یقینی بنائیں اور پناہ گزینوں کی پرامن اور محترمانہ انداز میں واپسی کو تسلیم کریں - اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے فلسطینیوں اور صیہونیوں کے تنازعے کا بھی ذکرکیا اور کہا کہ ایک آزاد فلسطینی مملکت کا قیام ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے -