Sep ۲۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی پر شمالی کوریا کا سخت رد عمل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا سے لین دین کرنے والے ممالک پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کی وجہ سے اس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے صدارتی حکم نامے کے ذریعے امریکی محکمہ خزانہ کو ہدایات کی ہیں کہ وہ ان ممالک، کمپنیوں اور مالیاتی اداروں پر بھی پابندیاں عائد کرے جو شمالی کوریا کے ساتھ لین دین کر رہے ہیں۔

شمالی کوریا پر نئی پابندیوں کا صدارتی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نئی پابندیوں کا مقصد شمالی کوریا کی آمدنی کے تمام ذرائع کو ختم کرنا ہے جس کی مدد سے وہ تاریخ کے خطرناک ترین ہتھیار تیار کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پابندیوں میں شمالی کوریا کی ٹیکسٹائل، ماہی گیری، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پیداواری صنعت کو نشانہ بنایا جائے گا۔

دوسری جانب شمالی کوریا نے امریکی صدر کی دھمکی پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ نے کہا ہے کہ وہ اپنے نیوکلیائی پروگرام کے بارے میں صحیح راستے پر گامزن ہیں اور اس کی مخالفت کرنے والے کی ذہنی حالت درست نہیں ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ذہنی طور پر بے چین قرار دیا ہے۔

مسٹر کم نے ٹرمپ کو غیر منظم بتاتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اپنی دھمکی کے لئے سنگین نقصانات اٹھانے ہونگے۔

واضح رہے کہ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ امریکا کا مطالبہ ہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام کو بند کرے ورنہ آخری آپشن شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی ہو گی جب کہ شمالی کوریا تمام ترامریکی دباؤ کو مسترد کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی دھمکیاں اسے جوہری پروگرام جاری رکھنے سے نہیں روک سکتیں۔

ٹیگس