Sep ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۵ Asia/Tehran
  • امریکہ ایٹمی طاقت بننے پر مجبور کردیا ہے، شمالی کوریا

شمالی کوریا کے وزیرخارجہ نے پیانگ یانگ کے خلاف امریکی صدر کی دھمکیوں کواپنے ملک کی فوجی طاقت کی علامت قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ان کا ملک امریکی دھمکیوں کی وجہ سے ایٹمی طاقت بننے پر مجبور ہوا ہے۔

شمالی کوریا کے وزیرخارجہ ری یونگ ھو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی اور میزائلی پروگرام کو فروغ دینے کا مقصد دفاعی طاقت کا حصول اور توازن برقرار کرنا ہے۔

امریکی صدر جلتی پر تیل چھڑک رہے ہیں
شمالی کوریا کے وزیرخارجہ نے جنرل اسمبلی میں ٹرمپ کے دشمنانہ بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے اپنے بیانات سے اقوام متحدہ کے ماحول کو خراب کر دیا۔ ری یونگ ہو نے ٹرمپ کو شیطان قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ آتش و غضب اور تباہی و بربادی جیسے بیانات کہ جو امریکی صدر کی جانب سے دیئے جا رہے ہیں وہ جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے۔

ٹرمپ شیطان اور بوڑھا جواری ہے
شمالی کوریا کے وزیرخارجہ نے ٹرمپ کو ذہنی طور پر عدم توازن کا شکار ایسا بوڑھا جواری قرار دیا جس کے ہاتھوں میں ایٹمی ہتھیاروں کی کنجی ہے۔ ری یونگ ہو نے واشنگٹن کو خبردار کیا کہ اگر پیانگ یانگ کو شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی کی کوئی علامت نظر آئی تو وہ نہایت بے دردی سے پیشگی حملہ کرےگا۔

شمالی کوریا کی سرحدوں پر پروازیں
دوسری جانب جریرہ نمائے کوریا میں کشیدگی میں شدت بڑھنے کے ساتھ ہی امریکی وزارت دفاع پنٹاگون نے شمالی کوریا کے مشرقی ساحلوں پر امریکی جنگی طیاروں کے پرواز کرنے کی خبر دی ہے۔نیوز ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی جنگی طیاروں نے سنیچر کو ایک اشتعال انگیز اقدام کے تحت شمالی کوریا کے ساحلوں پر پروازیں انجام دیں۔
جزیرہ نمائے کوریا میں امریکی فوج کے اشتعال انگیز اقدامات کے نتائج کے بارے میں پیانگ یانگ کی دھمکیوں کے باوجود امریکی جنگی طیاروں نے حالیہ ہفتوں کے دوران اور خاص طور پر ڈونالڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے بعد شمالی کوریا کی سرحدوں کے نزدیک بارہا پروازیں انجام دی ہیں۔

شمالی کوریا میں امریکہ مخالف مظاہرہ
درایں اثنا شمالی کوریا کے دسیوں ہزار افراد نے امریکہ مخالف مظاہرے کر کے اپنے رہنما کی حمایت کا اعلان کیا۔ شمالی کوریا کے دسیوں ہزار افراد نے دارالحکومت پیانگ یانگ کے کیم ایل سونگ اسکوائر پر اکٹھا ہو کر، جنرل اسمبلی میں امریکی صدر کے بیانات کی مذمت کی- اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بعض مقررین نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے موقف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

ٹیگس