Oct ۰۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
  • امریکہ، شمالی کوریا سے مذاکرات کا خواہاں

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کا کہنا ہے کہ واشنگٹن، پیونگ یانگ سے براہ راست رابطے میں ہے اور اس حوالے سے مذاکرات کے تمام تر راستے کھلے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں شمالی کوریا کے جوہری بحران سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ، شمالی کوریا سے براہ راست رابطے میں ہے اور واشنگٹن اس بات پر غور کر رہا ہے کہ آیا، پیونگ یانگ اپنا نیوکلیئر پروگرام ترک کر کے مذاکرات کی راہ اختیار کرنے پر آمادہ ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا سے مذاکرات کے تمام تر راستے کھلے ہیں۔

دوسری جانب امریکہ کا موقف ہے کہ چین ہی وہ واحد ملک ہے جو شمالی کوریا کو اپنے مقصد سے پیچھے ہٹا سکتا ہے، پیونگ یانگ ایسی نیوکلیئر میزائل ٹیکنالوجی حاصل کرنا چاہتا ہے جس سے وہ امریکا کو تباہ کر سکے جب کہ چین کی بھی خواہش ہے کہ دونوں ممالک اپنے تمام تر مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کے لیے راضی ہو جائیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے تمام تر پابندیوں اور امریکی دھمکیوں کے باوجود شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام کو اپ گریڈ کرنے سے پیچھے نہیں ہٹا اور مسلسل میزائل تجربات سے امریکہ کے لئے ایک خطرہ بنا ہوا ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر چکی ہے۔

ٹیگس