Oct ۱۱, ۲۰۱۷ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  • کاتالونیا کی آزادی کا اعلان مؤخر

اسپین کے خود مختار علاقے کاتالونیا کے صدر کارلس پیوگ ڈی مونٹ نے آزادی کے حوالے سے اہم ترین اعلان چند ہفتوں کے لیے مؤخر کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کاتالونیا کی پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں توقع کی جارہی تھی کہ صدر کارلس پیوگ ڈی مونٹ اسپین سے آزادی کا اعلان کردیں گے تاہم انہوں نے اس اعلان کو مؤخر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہسپانوی حکومت کو مذاکرات کا ایک اور موقع دینا چاہتے ہیں۔

پارلیمنٹ سے اپنے خطاب کے دوران ڈی مونٹ نے کہا کہ ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق وہ کاتالونیا کی آزادی کا اعلان کرنے کے پابند ہیں تاہم وہ اس بحران کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ اس معاملے میں بین الاقوامی ثالثی میں کوئی فیصلہ ہو لہٰذا وہ اسپین کی حکومت کو مذاکرات شروع کرنے کا ایک اور موقع دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال آزاد اور خودمختار کاتالونیا ریاست کا باضابطہ اعلان نہیں کررہے اور مذاکرات کی حمایت کرکے ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

قبل ازیں پارلیمنٹ کا اجلاس 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور اس دوران یہ خبریں سامنے آئیں کہ کاتالونیا اور اسپین کے حکام کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے تاہم ہسپانوی حکومت کے ترجمان نے فوری طور پر ان خبروں کو مسترد کیا اور کہا کہ اس معاملے پر کاتالونیا کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہورہی اور نہ ہوگی۔

واضح رہے کہ اسپین سے آزادی اور علیحدہ ریاست کے لیے کاتالونیا میں یکم اکتوبر کو ریفرنڈم کا انعقاد ہوا تھا جس میں 90 فیصد ووٹرز نے اسپین سے آزادی کے حق میں ووٹ دیا تھا ۔ ریفرنڈم کے لیے ووٹنگ کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 800 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

 

ٹیگس