اسرائیل سے خفیہ رابطوں پر برطانوی وزیرمستعفی
اسرائیلی حکام سے خفیہ ملاقاتیں کرنے والی برطانوی وزیر انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پریتی پٹیل نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر کی وزیراعظم تھریسامے سے ملاقات کے بعد وزیراعظم ہائوس نے پریتی پٹیل کے استعفیٰ کا اعلان کیا۔
اعلان کے مطابق برطانوی وزیر محنت و بین الاقوامی ترقی نے چھٹیوں کے دوران اسرائیلی حکام سے خفیہ ملاقاتیں کیں، وزیراعظم ہاؤس نے وزیر محنت سے ان ملاقاتوں پر وضاحت طلب کی تھی۔
اعلان کے مطابق وزیراعظم ہاوس نے وزیر کی ان ملاقاتوں کو امور حکومت سےتجاوز کرنے کی کوشش قرار دیا، جس پرپریتی پٹیل نے معذرت کا اظہار بھی کیا ہے۔
پریتی پٹیل نے اسرائیلی حکام سے متنازعہ خفیہ ملاقاتیں کیں، انہوں نے رواں برس اگست میں غیراعلانیہ طور پر جولان کی پہاڑیوں کا دورہ بھی کیا تھا ۔
پریتی پٹیل نے اسرائیلی فوج کو برطانوی ٹیکس گزاروں کی رقم بھی بھیجنے کی کوشش کی تھی، رابطوں کا تنازع شدید ہونے پر پریتی کو دورہ افریقا سے فوری واپس بلایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران 2 برطانوی وزراء استعفی دے چکے ہیں، اس سے قبل سابق وزیر دفاع سر مائیکل فیلن نے استعفیٰ دیا تھا۔