جزیرہ نمائے کوریا میں کشیدگی پیدا کرنے پر امریکہ کو روس کا انتباہ
روس کے نائـب وزیر خارجہ نے جزیرہ نمائے کوریا میں کشیدہ اقدامات عمل میں لانے پر امریکہ کو سخت خبردار کیا ہے۔
روس کے نائب وزیر خارجہ ایگور موگولوف نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ ایسی حالت میں کہ شمالی کوریا نے گذشتہ دو ماہ کے دوران کوئی میزائلی و جوہری تجربہ نہیں کیا ہے، ماسکو جزیرہ نمائے کوریا میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی مشترکہ فوجی مشقوں اور فوجی نقل و حرکت کو صحیح نہیں سمجھتا۔
انھوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے دو ماہ کے دوران کوئی اقدام نہیں کئے جانے کے باوجود ایسا نہیں لگتا کہ امریکہ نے کشیدگی کم کرنے کوشش کی ہے بلکہ وہ فوجی مشقیں انجام دے کر صورت حال کو مسلسل کشیدہ بنائے ہوئے ہے۔
روس کے نائـب وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک شمالی کوریا کو مسلسل اس بات پر رضامند رکھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ کوئی نیا میزائل یا جوہری تجربہ نہ کرے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کے خلاف فوجی حملے سے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی کے بعد سے پورے جزیرہ نمائے کوریا کی صورت حال شدید بحرانی بنی ہوئی ہے۔