Dec ۰۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • سابق امریکی صدراوباما کا یوٹرن

اوباما نے صحافیوں سے کہا کہ آپ اپنے الفاظ سے مجھے خطرے میں ڈالنا بند کریں اور میڈیا مجھے لفظوں کے جال میں نہ پھنسائے۔

سابق امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن کے دوران پاکستان اسامہ بن لادن کی موجودگی سے لاعلم تھا ۔

ہندوستان میں ہندوستان ٹائمز کی 15 ویں لیڈر شپ سمٹ کے دوسرے روز سابق امریکی صدر براک اوباما سے صحافی نے سوال پوچھا کہ کیا اسامہ بن لادن کی موجودگی سے لاعلم ہونا پاکستان کی نااہلی تھی یا القاعدہ سربراہ کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا گیا۔ اوباما نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسامہ بن لادن کی موجودگی سے لاعلم تھا۔

امریکا کے پاس اس بات کے کوئی شواہد نہیں کہ پاکستان کی حکومت اسامہ بن لادن کی موجودگی سے واقف تھی، جبکہ آپریشن سے قبل امریکا نے اسامہ بن لادن کا سراغ لگانے اور تمام معلومات اکٹھی کرنے کے لیے جامع کوششیں کی تھیں۔

ان کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ ہندوستانی عوام مذہبی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کرنے والی طاقتوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔

واضح رہے کہ 2011 میں ایبٹ آباد میں امریکی آپریشن کے دوران القاعدہ کے سرغنہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کردیا گیا تھا اور اس موقع پر امریکی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اسامہ بن لادن کو خفیہ طور پر پناہ دی اورامریکہ کو اس سے بے خبر رکھاگیا۔

 

ٹیگس