Dec ۲۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۱ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی امریکا مخالف ووٹ دینے والوں کو دھمکی

امریکا نے پوری عالمی برادری کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف قرارداد کی حمایت نہ کی جائے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے پر امریکا مخالف ووٹ دینے والے ممالک کی امداد بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔

واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکا مخالف ووٹ آنے پر امریکی صدر نے سخت رد عمل دکھاتے ہوئے کہا کہ ہم نے پوری صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور ایسے تمام ممالک کو دیکھ رہے ہیں اور مخالفت میں ووٹ دینے والوں کی امداد بند کردیں گے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ میں امریکی مستقل مندوب نکی ہیلی نے مختلف سفیروں کو خط میں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ جنرل اسمبلی میں بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے خلاف قرارداد کی حمایت کرنے والے ممالک کے نام صدر ٹرمپ کو بتاؤں گی اور ایک ایک ووٹ کا حساب رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف قرارداد آئی تھی جسے امریکا نے ویٹو کردیا تھا لیکن اب سلامتی کونسل کے فیصلے پر بحث کے لیے جمعرات کو امریکا نے سلامتی کونسل میں بیت المقدس کے بارے میں قرارداد ویٹو کی، جس کے بعد آج جنرل اسمبلی میں اسی جیسی قراراداد پر ووٹنگ ہوگی جنرل اسمبلی کا اجلاس ایران کے وقت کے مطابق جمعرات کی رات 9 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔

 193 رکنی جنرل اسمبلی سے کسی قرار داد کی منظوری کے باوجود اس پر عمل درآمد کی قانونی پابندی عائد نہیں ہوتی، اس قرارداد کی حیثیت محض تجویز یا رائے تک محدود ہوتی ہے، البتہ یہ مقبوضہ بیت المقدس پر عالمی برادری کے موقف کی ترجمانی کرے گی ۔

بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے یکطرفہ فیصلے پر فلسطین میں غم و غصہ برقرار ہے، ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا جب فلسطینی امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف باہر نکل کر احتجاج نہ کریں تاہم مغربی کنارے اور غزہ میں مظاہرین کی قابض اسرائیلی فورسز سے جھڑپیں بھی ہوئیں، جن میں 84 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ٹیگس