جنوبی کوریا میں آگ لگنے سے 29 افراد ہلاک
جنوبی کوریا میں واقع ایک 8 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 29 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
جنوبی کوریا کے شمالی صوبے چُنگ چیونگ میں آگ لگنے سے29 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنوبی کوریا کے شمالی صوبے چُنگ چیونگ کے شہر یچیئون میں آتشزدگی ایک اسپورٹس سینٹر کے ساؤنا میں ہوئی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دھوئیں اور جلنے سے کم از کم 22 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، کثیر المنزلہ عمارت میں واقع اسپورٹس سینٹر اور پبلک سونا آگ کے باعث شدید متاثر ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق تمام زخمی اور ہلاک ہونے والوں کی نعشیں سونا کے اندر سے نکالی گئی ہیں۔
پولیس اور سکیورٹی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے تاہم فائر فائٹرز نے جلی ہوئی عمارت میں تلاشی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کی خبررساں ایجنسی یوں ہاپ کے مطابق یہ عمارت شہر جیکیون میں واقع ہے جس میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگ گئی، عمارت کی دوسری منزل پر ایک جمنازیم اور سونا غسل خانہ (گرم بھاپ کا حمام) بنا ہوا تھا ۔
فائر بریگیڈ کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی لیکن قیاس ہے کہ سب سے پہلے پارکنگ میں آگ لگی تھی، مقامی افراد نے بتایا کہ اس کارروائی میں ہیلی کاپٹر نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور لوگوں نے چھلانگ لگا کر ایک بڑے میٹرس پر اتر کر خود کو محفوظ کیا۔