شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کردیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے یہ پابندیاں بین البراعظمی میزائل تجربات کے بعد عائد کی گئی ہیں۔
قرارداد امریکا کی جانب سے پیش کی گئی ، قرارداد کے حق میں 15 جبکہ مخالفت میں کسی نے ووٹ نہیں دیاجبکہ قراراداد کے تحت شمالی کوریا کی 75 فی صد ریفائنڈ آئل مصنوعات پر پابندی ہو گی جو میزائل پروگرام چلانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔
شمالی کوریا کی پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات کو محدود کرتے ہوئے5 لاکھ بیرل سالانہ کردیا گیا جبکہ خام تیل کی سپلائی کو 40 لاکھ بیرل سالانہ کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ 2019 تک دنیا بھر میں کام کرنے والے شمالی کوریائی افراد کو نوکریوں سے نکال کر وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔
واضح رہے پیانگ یانگ پر رواں سال تیسری بار پابندیاں لگائی گئی ہیں اور اس کی بڑی وجہ شمالی کوریا کا میزائلی پروگرام ہے۔