ٹرمپ کے اعلان کے بعد امریکہ کو نوازنے کا سلسلہ
غاصب اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس کو صیہونی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کے اعلان پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے قبلہ اول کے قریب ریلوے اسٹیشن کو ان کے نام سے موسوم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے وزیر ٹرانسپورٹ یسرائیل کاٹز نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ حکومت مقبوضہ بیت المقدس کے پرانے علاقے میں ایک زیر زمین ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کا ارادہ رکھتی ہے، مجوزہ ٹرین ٹریک اور اسٹیشن مقبوضہ اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب سے آنے والی ہائی اسپیڈ ٹرین سے منسلک ہوگا اور اس کا افتتاح آئندہ سال متوقع ہے۔
یسرائیل کاٹز کا مزید کہنا تھا کہ قبلہ اول کے قریب مغربی دیوار (جسے دیوار گریہ بھی کہتے ہیں) کے قریب ریلوے اسٹیشن کو امریکا کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے موسوم کرسکتے ہیں کیونکہ انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دے کر بہت بڑا کام کیا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کا شمار دنیا کے قدیم ترین شہروں میں ہوتا ہے اقوام متحدہ نے مسجد اقصیٰ سمیت پرانے شہر کے وسیع علاقے کو عالمی ورثہ قرار دے رکھا ہے جبکہ حال ہی میں امریکی صدر ٹرمپ نے اسے اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیا جس پر پوری دنیا میں سخت مخالفت کی گئی اور احتجاج کا لا متناہی سلسلہ شروع ہو گیا۔