ٹرمپ کی دھمکیوں پر یورپی یونین کا سخت ردعمل
یورپی یونین نے امریکہ کی جانب سے کسی بھی طرح کی تجارتی بندشوں کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
یورپی کمیشن کے ترجمان مارگریٹس شائنس نے برسلز میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین امریکہ کی جانب سے ہر قسم کی تجارتی بندشوں کا فوری اور مناسب جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
ان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپ کی تجارتی سرگرمیوں پر کڑی نکتہ چینی کے بعد سامنے آیا ہے۔
بیرونی تجارت کے بارے میں سخت گیر پالیسیوں پر زور دینے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے اور یورپی یونین کے درمیان بہت سی مشکلات ہیں اور ہو سکتا ہے کہ یہ معاملات تجارتی میدان میں ٹھوس مشکل کا سبب بن جائیں۔
اکثر تجزیہ نگار ٹرمپ کے بیان کو امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی جنگ کی نشانی قرار دے رہے ہیں۔