لاطینی امریکا اور کیرابین سی کے ملکوں کو امریکا کی دھمکی
امریکی وزیر خارجہ نے لاطینی امریکا اور کیریبین ملکوں کے دورے کے موقع پر ان ملکوں سے کہا ہے کہ وہ چین پر ا نحصار کم کریں اور اس علاقے میں روس کا کردار بڑھنے سے روکیں۔
امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے ٹیکساس یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے چین پر الزام لگایا کہ وہ اپنی اقتصادی توانائیوں سے فائدہ اٹھاکر کیریبین کے علاقے کے ملکوں میں اپنا اثر و رسوخ جمانا چاہتا ہے۔
امریکی وزیرخارجہ نے لاطینی امریکا کے امور میں روس کے بڑھتے ہوئے کردار پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاطینی امریکا کے ملکوں کو نئی امپریالیسٹ طاقتوں کی ضرورت نہیں ہے۔
امریکی وزیرخارجہ کیرابین اور لاطینی امریکا کے پانچ ملکوں کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔ چین اور روس کے اقدامات اور اثر و رسوخ کے بارے میں امریکی وزیرخارجہ کا یہ انتباہ ایک ایسے وقت آیا ہے جب لاطینی امریکا کے بہت سے ممالک نے گذشتہ برسوں کے دوران واشنگٹن پر مداخلت پسندانہ اقدامات انجام دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے امریکا کی امپریالیسٹ پالیسیوں پر تنقید کی ہے۔