روسی سرحدوں کے قریب امریکا کی فوجی سرگرمیوں پر ماسکو کی تنقید
روسی وزیر خارجہ نے روس کی سرحدوں کے قریب امریکی فوج کے پروگراموں کو ماسکو کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے روسی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کا اینٹی میزائل سسٹم جو شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیاروں کے بہانے جنوبی کوریا اور جاپان میں نصب کیا گیا ہے، ایک طرح سے روس کا محاصرہ کئے جانے کے مترادف ہے۔
روسی وزیرخارجہ نے شمالی کوریا کے بارے میں کہا کہ یہ مسئلہ بہت ہی خطرناک ہے- انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ مسئلہ ممکنہ ایٹمی حملے کی وجہ سے سنگین نہیں ہے بلکہ علاقے میں امریکا کی نامناسب فوجی موجودگی کی وجہ سے ہے-
روسی صدر پوتن نے بھی اس سے پہلے کہا تھا کہ آلاسکا اور جنوبی کوریا میں امریکا کا اینٹی میزائل سسٹم روس کے لئے ایک چیلنج ہے- پوتن کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت جب دوسرے ممالک مشرقی یورپ میں روسی سرحدوں کے قریب اپنی فوجی توانائیوں میں اضافہ کر رہے ہیں، ماسکو ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا نہیں رہ سکتا-
روسی وزرات دفاع نے بھی کہا ہے کہ گذشتہ انیس برسوں میں روسی سرحدوں کے قریب نیٹو کے فوجیوں کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہوا ہے-