شام کے خلاف امریکی حملے پر اقوام متحدہ کا ردعمل
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے تمام ملکوں سے صبر و تحمل سے کام لینے اور شام میں کشیدگی کو ہوا دینے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
شام پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے میزائل حملوں کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترش کے جاری کردہ بیان میں اقوام متحدہ کے رکن ملکوں سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی گئی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ شام پر امریکہ ، فرانس اوربرطانیہ کے حملوں کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عالمی امن و سلامتی سے تعلق رکھنے والے معاملات کو اس ادارے کے منشور اور عالمی قوانین کے مطابق حل کیے جانے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب سیکڑوں برطانوی شہریوں نے امریکہ کی قیادت میں شام کے خلاف حملوں میں برطانیہ کی مشارکت کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔جنگ مخالف تنظیموں کی اپیل پر ہونے والے مظاہرے میں شریک لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن میں امریکہ اور برطانیہ کی جنگ پسندانہ پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ شام کے دارالحکومت دمشق میں بھی بڑی تعداد میں شامی شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کی مذمت کی اور شامی فوج اور حکومت کے لئے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا-