May ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۰:۱۸ Asia/Tehran
  • شام میں دہشت گردوں کے تحفظ کے لئے امریکہ کی نئی حکمت عملی

امریکا نے شام میں دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ مشن کا مقصد شام میں داعش کے محفوظ ٹھکانوں کا صفایا کرنا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ امریکا نیٹو کے اپنے اتحادی ترکی اور امریکی پارٹنرز اسرائیل سے مل کر کام کرے گا تاکہ ان کی سرحدوں کو داعش سے محفوظ بنایا جاسکے۔

امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے اگست دو ہزار چودہ میں اقوام متحدہ کی اجازت کے بغیر داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف نام نہاد اتحاد تشکیل دے کر کارروائیاں شروع کیں۔ عراق اور شام کے مختلف علاقوں میں امریکی اتحاد کے حملوں میں لاتعداد بے گناہ عام شہری مارے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا تھا کہ امریکی اتحاد کا مقصد شام کی حکومت کو کمزور کرنا ہے ۔ شام کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ امریکی اتحاد نے شام کی بنیادی شہری تنصیبات، پلوں، اسپتالوں اور اسکولوں و کالجوں کو تباہ  کردیا ہے ۔

یاد رہے کہ امریکہ دہشت گردی کے خاتمے کے بہانے شام کی اہم تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے پروگرام پرعمل در آمد کر رہا ہے۔

ٹیگس