امریکی اقدامات کا ترکی بہ ترکی جواب دیں گے، روسی صدر
روس کے صدر ولادی میر پوتین نےگیس منصوبے میں مداخلت کی بابت امریکہ کو سخت خبردار کیا ہے۔
نیوز ایجنسی تاس کے مطابق صدر ولادی میر پوتین نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے روس جرمنی گیس منصوبے میں رخنہ اندازی کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
روسی صدر نے کہا کہ وہ اس منصوبے کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے موقف کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ ایک تاجر پیشہ شخص ہیں اور وہ اپنی مصنوعات یورپ کے بازاروں میں فروخت کرنا چاہتے ہیں-
قابل ذکر ہے کہ روس کے صدر ولادی میر پوتین اور جرمن چانسلر اینجلا مرکل کے درمیان جمعے کو ہونے والی ملاقات میں یورپ کے لیے روسی گیس کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے پہلے ایک امریکی عہدیدار نے کہا تھا کہ امریکہ کو نورڈ اسٹریم گیس پائپ منصوبے پر تحفظات ہیں اور اس منصوبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔