شمالی کوریا کا مقابلہ کرنے پر ٹرمپ کی تاکید
امریکی صدر ٹرمپ نے فوج اور پنٹاگون سے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ ممکنہ مقابلے کے لئے تیار رہے۔
دیبکا فائل ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ اپنی ملاقات کو منسوخ کرنے کے بعد وزیردفاع جیمز میٹس اور امریکا کی مسلح افواج کے کمانڈروں سے ملاقات کی اور شمالی کوریا کے کسی بھی طرح کے غیر معمولی اقدام کا مقابلہ کرنے کے لئے فوجی آمادگی پر تاکید کی ہے۔
ٹرمپ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ ایسی کسی بھی ممکنہ جنگ کے اخراجات جاپان اور جنوبی کوریا پر تقسیم کرنے کے لئے بھی ان ملکوں سے بات چیت کی جائے۔
اس درمیان اخبار نیویارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ وائٹ ہاؤس سمجھتا ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف پیشگی حملہ ایک قابل قبول آپشن ہے لیکن یہ اتنا آسان بھی نہیں ہوگا اور ہر طرح کے فوجی اقدام کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے
نیویارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ ٹرمپ اور کیم جونگ اون کی ملاقات کی منسوخی کے اعلان کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات پہلے سے بھی زیادہ بدتر ہوگئے ہیں۔ اخبار نے لکھا ہے کہ ٹرمپ کہ جن کے مشیر جان بولٹن جیسے سخت گیر موقف رکھنے والے شخص ہیں ایک بار پھر جنگ کے آپشن پر غور کرنے لگے ہیں۔