امریکہ کی عجب منطق
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ شمالی کوریا جب تک جوہری ہتھیاروں کو مکمل طور پر ترک نہیں کرتا تب تک اس پر عائد پابندیوں کو نہیں اٹھایا جائے گا۔
بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران پومپیو کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے انٹیلی جنس کی تفصیلات میں تو نہیں جائیں گے مگر امریکا کے پاس اس حوالے سے اچھی خاصی سمجھ بوجھ ہے۔
مائیک پومپیو نے شمالی کوریائی میڈیا میں نشر ہونے والی ان خبروں کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ کیم جونگ ان اور ڈونلڈ ٹرمپ نے اتفاق کیا ہے کہ شمالی کوریا اپنا جوہری پروگرام مرحلہ وار ختم کرے گا۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کو مکمل طور پر ختم کرنا ہوگا جس کے بعد شمالی کوریا پر عائد پابندیاں ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو گا تاہم جنوبی کوریائی دارالحکومت سیئول میں اپنے جاپانی اور جنوبی کوریائی ہم منصبوں کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں انھوں نے اعلان کیا کہ شمالی کوریا پر پابندیاں اٹھانے سے قبل اسے جوہری ہتھیاروں کو مکمل طور پر ترک کرنا ہوگا۔