Jun ۲۴, ۲۰۱۸ ۰۸:۲۲ Asia/Tehran
  • ترکی میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کیلئے ووٹنگ

ترکی کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کیلئے آج اس ملک کے عوام سخت سکیورٹی انتظامات میں اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔

ترکی میں 16 سال سے برسر اقتدار رہنے والے رجب طیب اردوغان کو قبل از وقت ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ استنبول میں لاکھوں افراد کا جلسہ کرنا تو طیب اردوغان کا خاصہ ہے لیکن اس بار حزب اختلاف کے صدارتی امیدوار محرم اِنجے کی ریلی اردوغان کی ریلیوں سے بڑی نہ صحیح ان سے کم بھی نہ تھی۔

محرم اِنجے سیاست میں آنے سے پہلے استاد تھے، لیکن گزشتہ 4 انتخابات میں وہ مسلسل اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور دو دفعہ ریپبلکن پیپلز پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ آج اتوار 24 جون کو ہونے والے انتخابات میں کسی بھی امیدوار کو 50 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل نہ ہونے کی صورت میں دو بہترین امیدواروں کے درمیان دوبارہ مقابلہ ہوگا۔

ترکی میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کی مہم کے دوران استنبول میں ترک صدر طیب اردوغان نے ریلی سے خطاب کیا اور عوام سے انتخابات میں کامیاب کرانے کی اپیل کی۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

ترکی میں آج ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں 5 کروڑ 60 لاکھ سے زائد شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ صدارتی انتخابات میں 6 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

ٹیگس