غار میں پھنسے نوجوان کھلاڑیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا
Jul ۱۱, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۰ Asia/Tehran
تھائی لینڈ کے زیر آب غار میں پھنسے اسکولی فٹبال ٹیم کے 12 کم عمر کھلاڑیوں اور کوچ کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق زیر آب غار میں پھنسے اسکولی فٹبال ٹیم کے 12 کم عمر کھلاڑیوں اور کوچ کو بحفاظت نکالنے کے بعد تین دن سے جاری آپریشن اپنے اختتام کو پہنچا۔
غار سے نکالے گئے تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم ابھی کچھ دن انہیں اسپتال میں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ کے مقامی فٹبال کلب کے 12 کم عمر کھلاڑی 23 جون کو اپنے کوچ کے ہمراہ شمالی صوبے یانگ رائی کے معروف غار تھیم لوانگ میں پکنک منانے گئے تھے۔ غار کی سیر کے دوران بارش ہونے کے باعث سیلاب کا پانی غار میں بھرنا شروع ہو گیا جس کی وجہ سے یہ لوگ غار کے اختتامی حصے میں پھنس گئے تھے اور 2 جولائی کو پہلی مرتبہ ریسکیو ٹیم کو ان پھنسے ہوئے بچوں کا سراغ ملا تھا۔