امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے روس اور یورپ کے درمیان اتفاق رائے
روس نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے روس اور یورپی یونین کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے۔
ویانا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں روس کے مستقل مندوب میخائل اولیانوف نے کہا ہے روس اور یورپ کے درمیان یہ اتفاق رائے ایران پرعائد کی جانے والی امریکی پابندیوں کے مقابلے میں اقتصادی کمپنیوں کی ایران میں سرگرمیوں کی تحفظ کے لئے کیا گیا ہے۔
انٹرفیکس نیوزایجنسی نے روسی مندوب کے حوالے سے خبردی ہے کہ روس اور یورپی ملکوں نے اس سلسلے میں مشترکہ تدابیر تیارکرنے پراتفاق کرلیا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ امور کی کونسل نے پیرکو ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے والے قوانین کو وقت کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے پراتفاق کیا تھا۔
یورپی کونسل کے جاری کردہ بیان میں اعلان کیا گیا تھا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ ان قوانین کے نفاذ کے عمل کو سات اگست سے قبل جب ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگا مکمل کرلیا جائے۔
یورپی یونین کے یہ قوانین ایران کے ساتھ تجارت کرنے والی کمپنیوں کو اس بات کی اجازت دیں گے کہ وہ امریکا کی پابندیوں سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کریں۔