Jul ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۷:۴۸ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں باقی رہیں گی، امریکا

امریکی وزیرخارجہ نے کہا ہے شمالی کوریا کے ساتھ ایٹمی سمجھوتے پر پہنچنے میں وقت لگ سکتا ہے اس لئے پیانگ یانگ کے خلاف پابندیاں بدستور باقی رہیں گی۔

امریکی وزیرخارجہ مائیک پامپیو نے کابینہ کے اجلاس میں شمالی کوریا کے حکام کے ساتھ اپنے مذاکرات کی تفصیلات بیان کئے بغیر کہا کہ ابھی بہت سے کام باقی ہیں جن کے لئے زیادہ وقت کی ضرورت ہے لیکن جب تک یہ سارے کام انجام نہیں پا جاتے شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں باقی رہیں گی۔ امریکی وزیرخارجہ نے شمالی کوریا سے امریکی فوجیوں کی لاشوں کی واپسی کی تاریخ کے بارے میں بھی کہا کہ امریکی فوجیوں کی لاشوں کی واپسی کا پہلا مرحلہ اگلے دوہفتے میں انجام پائے گا اور یہ چیز مرنے والے امریکی فوجیوں کے اہل خانہ کے لئے بہت ہی اہم ہے۔

امریکی وزیرخارجہ کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دو روز قبل شمالی کوریا نے انیس سو پچاس سے انیس سو ترپن کے برسوں کے دوران دونوں کوریاؤں کے درمیان ہونے والی جنگ میں مارے گئے پچپن امریکی فوجیوں کی لاشیں امریکا کے حوالے کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

باوجود اس کے کہ امریکا شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں جاری رکھنے پر زور دے رہا ہے پیانگ یانگ میں روسی سفیر نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف عائد پابندیوں کو سلامتی کونسل کے تعاون سے کم کیا جانا چاہئے۔ امریکی وزیرخارجہ نے پچھلے دنوں ویتنام، متحدہ عرب امارات، میکسیکو اور شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا۔

ٹیگس