شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں جاری رہیں گی، امریکہ
امریکی وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ میں امریکی نمائندہ دونوں نے ایک بار پھر کہا ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کی غرض سے پابندیوں کو باقی رکھنا بھی ضروری ہے۔مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔ادھر اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے بھی کہا ہے کہ اقتصادی پابندیوں نے شمالی کوریا کو مذاکرات پر مجبور کردیا ہے اور اس سے ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کی غرض سے سخت گیر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ شمالی کوریا نے حالیہ ہفتے کے دوران خطے میں قیام امن کی غرض سے متعدد اقدامات انجام دیئے ہیں جن میں ایٹمی تجربات کی سائٹ کا منہدم کیا جانا بھی شامل ہے۔امریکہ نے تاحال سنگاپور میں ہونے والے سمجھوتے کے تحت ایک بھی عملی اقدام انجام نہیں دیا ہے۔