Aug ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۴:۴۸ Asia/Tehran
  •  شمالی کوریا پر  امریکا کا دباؤ

امریکی وزیر خارجہ نے شمالی کوریا پر سیاسی اور اقتصادی دباؤ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے

الجزیرہ کے مطابق مائک پمپئو نے کہا ہے کہ شمالی کوریا پر امریکا کا اقتصادی اور سیاسی دباؤ جاری رہےگا ۔ انھوں نےاسی کے ساتھ کہا ہے کہ واشنگٹن کو امید ہے کہ شمالی کوریا معینہ مدت کے اندر اپنے ایٹمی اسلحے تلف کردے گا ۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے کہ روس، شمالی کوریا کے تعلق سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی پابندی کرے گا۔مائک پمپئو نے شمالی کوریا کے خلاف اقتصادی اور سیاسی دباؤ جاری رکھنے کا ایسی حالت میں اعلان کیا ہے کہ امریکا نےاپنے تازہ اقدام میں شمالی کوریا کے ایک بینک اور دو کمپنیوں اور اسی طرح روس کے ایگرو سویوز بینک پر شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام میں معاونت کا الزام لگاکے پابندی لگادی ہے ۔اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے ان اقدامات کا جواز پیش کرتے ہوئے ، روس پر شمالی کوریا کے بارے میں سلامتی کونسل کی قرار داد کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے ۔امریکی وزارت خزانہ کے دعوے کے مطابق شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں ایٹمی اسلحے کے پروگرام میں توسیع کی سرگرمیوں کی وجہ سے لگائی گئی ہیں ۔امریکا نے شمالی کوریا پر یہ الزام ایسی حالت میں لگایا ہے کہ پیونگ یانگ نے ایٹمی تجربات کی ایک سائٹ بند کرنے سمیت ، علاقے میں قیام امن کے لئے کافی اقدامات کئے ہیں۔

ٹیگس