وینزویلا کے صدرپر قاتلانہ حملہ، امریکہ سازش سے بازرہے، نکولس میڈورو
وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو پر نیشنل گارڈز کی تقریب میں ڈرون کے ذریعے قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں صدر نکولس میڈورو پر نیشنل گارڈز کی تقریب سے خطاب کے دوران بارود سے بھرے ڈرون کے ذریعے قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں صدر میڈورو محفوظ رہے جب کہ نیشنل گارڈز کے 7 اہلکار زخمی ہو گئے۔
وینزویلا کے وزیر اطلاعات کے مطابق ڈرون کے ذریعے دھماکہ اس وقت کیا گیا جب صدر میڈورو نیشنل گارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے قریب دھماکہ خیز مواد سے لدے ڈرون گرائے گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق صدر نکولس میڈورو نے حملے کے بعد ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک اڑتی ہوئی چیز میرے سامنے پھٹ گئی جس کا شروع میں انہوں نے سوچا کہ شاید تقریب میں کوئی خرابی ہو گئی ہے مگر پھر دوسرا دھماکا ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ خدا، وینزویلا کے عوام اور فوج میری حفاظت کرے گی جبکہ حکومت کے خلاف پر تشدد کارروائیاں مسلسل ناکام ہوتی رہیں گی۔
صدرنکولس میڈورو کا کہنا تھا کہ حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور بعض ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور کولمبیا وینزویلا میں شرپسندی کی کوشش کر رہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ حملے کی مالی معاونت کرنے والے اور کئی منصوبہ ساز فلوریڈا میں رہتے ہیں ،انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹرمپ انتظامیہ اس کیس میں معاونت کرے گی۔