Aug ۰۷, ۲۰۱۸ ۰۷:۵۵ Asia/Tehran
  • کینیڈا کے لئے سعودی پروازیں معطل، سعودی طلباء کی واپسی

کینیڈا اور سعودی عرب کے مابین سفارتی تنازع شدت اختیار کرگیا جس کے بعد سعودی عرب نے کینیڈا جانے اور آنے والی اپنی تمام پروازیں معطل کردیں۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ کینیڈا کا موقف گمراہ کن معلومات پر مبنی ہے، جن افراد کا ذکر کیا گیا انہیں ملکی قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا، ہمارے قوانین گرفتار افراد کے حقوق کا خیال رکھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب نے کینیڈا میں زیر تعلیم طلبہ کو دوسرے ممالک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر کینیڈین وزیر خا رجہ کرسٹیا فری لینڈ نے سعودی عرب میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی رہائی کا ایک بار پھرمطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق انسانی حقوق ہیں اورکینیڈا انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا، خواہ یہ کینیڈا میں ہو یا دنیا میں کہیں بھی۔

واضح رہے کہ کینیڈا نے انسانی حقوق کے کارکنوں کی سزا ختم کر کے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا جس کے جواب میں سعودی عرب نے کینیڈا سے اپنا سفیر واپس بلا لیا اور کینڈا کے سفیر کو ملک سے بے دخل کر دیا۔ سعودی حکومت پر تنقید کے الزام میں رائف بدوی 2012 سے قید ہیں ۔ آل سعود کی جانب سےکسی کو بھی اس ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بولنے کی اجازت نہیں ہے اور انسانی حقوق کے تحفظ کا نعرہ لگانے والی امریکی حکومت سعودی پیٹرو ڈالر کی وجہ سے نہ فقط خاموش ہے بلکہ سعودی عرب کا اہم اتحادی ملک بھی ہے۔

 

ٹیگس