ترکی کے خلاف امریکی پابندیاں نامنظور
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ترکی پر امریکی پابندیوں کی بھرپور مخالفت کی ہے۔
پاکستان نے امریکی پادری کی گرفتاری پر امریکہ کی ترکی کے خلاف یک طرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے دیرینہ اتحادی دوست ملک ترکی کے ساتھ کھڑا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ترکی کے خلاف یک طرفہ پابندیوں کی دھمکیوں کے خلاف ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے ترکی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف ترکی کے ساتھ ہے بلکہ قیام امن کے لیے ترکی کے کردار کو سراہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پابندیوں سے مسائل کا حل نہیں نکالا جا سکتا کیونکہ مسائل کا حل بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اصولی طور پر پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف یک طرفہ پابندیوں کی حمایت نہیں کرتا کیونکہ یک طرفہ اقدام یا ایکشن سے نہ صرف امن اوراستحکام کے لیے خطرات پیدا ہوتے ہیں بلکہ اس کے نتیجے میں کسی بھی مسئلے کا حل مشکل اور دشوار ہو جاتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی امن اوراستحکام کے لیے ترکی کے بیش قیمت کردار کا اعتراف کرتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اورعوام امن اورخوشحالی کے لیے ترکی کے عوام اور حکومت کی کوششوں کی مضبوط حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے، ان مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے ہم ترکی کی حکومت اورعوام کا ساتھ دیتے رہیں گے۔