امریکی پابندیوں پر جوابی کارروائی کی دھمکی
Aug ۲۸, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۹ Asia/Tehran
روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ ماسکو کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیوں کا جواب دیا جائےگا
روس کے نائب وزیرخارجہ ریابکوف نے ایک بیان میں کہا کہ روس گذشتہ سات برسوں سے پابندیوں کا سامنا کر رہا ہے اور امریکہ کی جانب سے اب عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ روسی نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ روس سمیت بہت سے ممالک اب اپنی ہی قومی کرنسیوں میں تجارتی معاملات انجام دے رہے ہیں تاکہ تجارت کے شعبے میں امریکی بینکوں اور ڈالر پر انحصار ختم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک بھی امریکی دباؤ سے بچنے کی کوشش اور امریکہ کی پالیسیوں پر عمل کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ روس کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیوں کے جوابی اقدام کا فیصلہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کریں گے۔