شمالی اور جنوبی کوریا کے رہنماؤں کی ملاقات کا اعلان
جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر نے کہا ہے کہ جنوبی اور شمالی کوریا کی تیسری سربراہی ملاقات اٹھارہ سے بیس ستمبر تک پیونگ یانگ میں ہو گی-
جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر چونگ ایو یونگ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ دونوں کوریاؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تیسری سربراہی ملاقات اٹھارہ سے بیس ستمبر تک پیونگ یانگ میں ہو گی اور جزیرہ نمائے کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لئے عملی اقدامات کے بارے میں بات چیت ہو گی-
جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر ایک وفد کے ہمراہ شمالی کوریا کے دورے پر ہیں- انہوں نے شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات کے بعد کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے جزیرہ نمائے کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لئے اپنے عزم کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں جنوبی کوریا کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہیں-
جنوبی اورشمالی کوریاؤں کے سربراہوں نے رواں سال دوبار ملاقات کی ہے اور دونوں رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ جزیرہ نمائے کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے راستے میں قدم بڑھائیں گے-