میکسیکو میں اجتماعی قبر دریافت
میکسیکو میں ایک اور اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے جس میں سے 166 انسانی ڈھانچے اور باقیات ملی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کی ریاست ویرا کروز کے ایک مقام سے اجتماعی قبر برآمد ہوئی ہے جس میں سے 166 انسانی ڈھانچے اور باقیات ملی ہیں۔ جرائم پیشہ افراد کے درمیان جھڑپوں کے باعث شورش زدہ ریاست ویرا کروز میں ایک سال کے دوران برآمد ہونے والی یہ دوسری اجتماعی قبر ہے۔
میکسیکو کے پراسیکیوٹر جارج ونکلر نے میڈیا کو بتایا کہ انسانی باقیات دو سال پرانی ہیں جب کہ اسی علاقے سے 100 سے زائد شناختی کارڈز اور 2 سو سے زائد لباس بھی ملے ہیں جو کہ ممکنہ طور پر اجتماعی قبر میں مدفون افراد کے ہوسکتے ہیں جنہیں منشیات کے اسمگلروں نے قتل کر دیا ہوگا۔
واضح رہے کہ میکسیکو میں منشیات فروشوں کے درمیان جھڑپوں میں فوج کی تعیناتی کے بعد 2006ء سے اب تک 2 لاکھ افراد قتل ہوچکے ہیں۔ صرف گزشتہ برس 28 ہزار 7 سو 2 افراد قتل ہوئے تھے جب کہ 37 ہزار افراد تاحال لاپتا ہیں۔