لیبیا میں طرابلس ایرپورٹ پر میزائل حملہ
پریس ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ لیبیا میں طرابلس ایرپورٹ پر میزائل سے حملہ ہوا ہے۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق طرابلس ایرپورٹ پر میزائل سے حملہ ہوا ہے تاہم ابھی اس حملے میں ہونے والے ممکنہ نقصان کی کوئی رپورٹ نہیں ہے البتہ ایرپورٹ کے قریب دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔
طرابلس ایرپورٹ کے سرکاری ذرائع کے مطابق اس حملے کے بعد مصر سے طرابلس جانے والی پرواز کو مصراتہ میں اتار لیا گیا۔
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس خاص طور سے اس کے جنوبی علاقوں میں گذشتہ تقریبا دس روز قبل مسلح گروہوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی تھیں اور دونوں فریقوں کی جانب سے مختلف قسم کے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تھا۔
طرابلس کے اسپتال کے ذرائع نے بھی اعلان کیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران طرابلس اور اس کے جنوبی مضافاتی علاقے میں ہونے والی جھڑپوں میں اٹھتّر افراد ہلاک اور تین سو تیرہ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔