امریکہ میں فلورنس طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی
امریکہ میں فلورنس طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ۔
امریکہ کے نارتھ کیرولینا میں طوفان ’فلورنس‘ کے جمعہ کو سمندر سے ٹکرانے کے بعد ہو نے والی شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے کافی تباہی ہوئی ہے۔ فلورنس طوفان کی وجہ سے اب تک 4 افراد ہلاک جبکہ کئی عمارتیں اور گھر تباہ ہوگئے۔ 7لاکھ22ہزار گھروں کی بجلی کاٹ دی گئی اورمعمولات زندگی بری طرح متاثرہوئی ہے۔
طوفان کا مرکز شمالی کیرولینا کا رائٹس وال ساحل تھا جہاں ہوا کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
حکام کی جانب سے مذکورہ علاقے کو خالی کرنے کا انتباہ جاری کیا جاچکا ہے، جہاں 17 لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں۔ شمالی کیرولینا کے گورنر رائے کوپر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ طوفان سے سارا علاقہ ختم ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی ناگہانی آفت ہے جو آسانی سے نہیں ختم ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی کیرولینا میں 2 سے 3 دن کے دوران شدید بارشیں ہوں گی۔