Sep ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۴ Asia/Tehran
  • روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی تحقیقات شروع

عالمی فوجداری عدالت نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر فاتو بنسودہ نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور میانمار فوج کے جنگی جرائم کی ابتدائی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

عالمی فوجداری عدالت کی چیف پراسیکیوٹر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی طور پر روہنگیا مسلمانوں کی ملک بدری کے دوران نسلی امتیاز کا سامنا کرنے سے متعلق شواہد جمع کیے جائیں گے جس کے بعد ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں باقاعدہ تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

فاتو بنسودہ نے اس حوالے سے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے دوران بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔ خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی، ہزاروں افراد کا قتل عام کیا گیا اور سیکڑوں دیہاتوں کو نذرِ آتش کیا گیا اس لئے ان تمام معاملات کی تحقیقات کی جائے گی۔

چیف پراسیکیوٹر فاتو بنسودہ نے روہنگیا میں میانمار فوج اور حکومت کے مظالم کی تحقیقات کا آغاز عالمی فوجداری عدالت کے جج کی جانب سے ذمہ داری ملنے کے دو ہفتوں کے بعد کیا ہے۔

ٹیگس