جرمنی میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ
جرمنی کے مشرقی شہر ڈرسڈن میں ہزاروں افراد نے اسلام مخالف نسل پرست تنظیم پگیدا کے قیام کے چار سال پورے ہونے کے موقع پر اس نسل پرست تنظیم کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔
میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ جرمنی کے مشرقی شہرڈرسڈن میں ہونے والے اس مظاہرے میں مختلف گروہوں، تنظیموں، لیبر یونینوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے دس ہزار لوگوں نے شرکت کی اور نسل پرست تنظیم پگیدا کے خلاف شدید احتجاج کیا-
مظاہرے کے شرکا نعرہ لگا رہے تھے کہ ملک میں بھائی چارہ ہونا چاہئے اور نفرت کا خاتمہ کیا جائے- پگیدا تنظیم یورپ میں اسلام کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کی غرض سے شدت پسندی اور نسل پرستی کو ہوا دینے کے لئے بنائی گئی ہے-
یہ تنظیم نسل پرستی اور مسلمانوں نیز تارکین وطن کی سخت ترین دشمن تصور کی جاتی ہے- مذکورہ نسل پرست تنظیم نے اتوار کو ڈرسڈن شہر میں اپنے حامیوں کے ساتھ اجتماع کر کے اپنے قیام کے چار سال پورے ہونے کا جشن منایا تھا-