Nov ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۱:۳۲ Asia/Tehran
  • امریکہ اورسعودی سول جوہری مذاکرات خطرے میں

امریکی سینیٹرز نے سعودی عرب سے سول جوہری توانائی مذاکرات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

سعودی صحافی خاشقجی کے قتل کے بعد امریکی سینیٹرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سعودی عرب سے سول جوہری توانائی مذاکرات منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا، مطالبہ کرنے والوں میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن سینیٹرز شامل ہیں۔

ری پبلکنز سینٹرز نے اپنے خط میں کہا کہ اگر صدر ٹرمپ نے بات چیت ختم نہ کی تو وہ امریکا، سعودی عرب مجوزہ معاہدہ روکنے کے لیے اٹامک انرجی ایکٹ استعمال کریں گے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں کئی چیزوں کو دیکھنا ہوگا، دیکھتے ہیں معاملے کا کیا حل نکلتا ہے۔؟

قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت اور خاص طور سے ولی عہد بن سلمان پر کڑی تنقید کرنے والے صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول کے سعودی قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے۔

 سعودی حکومت نے شدید عالمی دباؤں کے باعث اٹھارہ روز کی تردید اور تضاد بیانات کے بعد اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ جمال خاشقجی کو استنبول میں واقع اس کے قونصل خانے میں جھگڑے کے دوران قتل کر دیا گیا تھا۔

 دنیا کے بہت سے ممالک اور عالمی اداروں نے سعودی حکومت کے اس دعوے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

 سعودی ولی عہد بن سلمان سمیت اس ملک کے متعدد اعلی عہدیداروں کو مخالف صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگس