یورپ اور امریکہ میں شدید کشیدگی
امریکہ ایک اور جوہری معاہدے سے دستبردار ہو گیا ہے۔
امریکہ ایران جوہری معاہدے سے یکطرفہ طور پرعلیحدگی اختیار کرنے کے بعد اب ”انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیر فورسز” کے معاہدے سے بھی دستبردار ہوگیا ہے جس کی وجہ سے یورپ اور امریکہ میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
سرد جنگ کے بعد یہ معاہدہ جوہری ہتھیاروں کی روک تھام کا سب سے پراثر قانون تھا۔ امریکہ کی اس معاہدے سے دستبرداری نے امریکہ اور یورپی یونین میں مزید کشیدگی بڑھا دی ہے۔
اس سے قبل امریکہ ایران کے ساتھ جوہری پھیلاؤ کے معاہدے سے بھی دستبردار ہو گیا تھا جبکہ دیگر ممالک نے معاہدے کو برقرار رکھا لیکن اس پر بھی یورپ کی جانب سے اظہار برہمی کیا گیا تھا۔
حالیہ امریکی اقدام پر جرمن وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی دستبرداری کے باوجود اس معاہدے کو برقرار رکھا جائے گا اور اس بات کو نیٹومیں بھی اٹھایا جائے گا جبکہ فرانس نے بھی اس فیصلے کی مذمت کی ہے۔
اس معاہدے کے تحت کوئی بھی رکن ملک ایک دوسرے سے 500 سے 5,500 کلومیٹر کی حدود میں کوئی ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا ۔
واضح رہے کہ جب سے امریکہ میں ٹرمپ بر سراقتدار آئے ہیں اس کے بعد سے امریکہ نے کئی عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے امریکہ گوشہ نشینی کا شکار ہوا اور حتی اس کے اتحادی بھی آہستہ آہستہ اس کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔