ہندوستان کے معروف تاجر گوتم اڈانی کی گرفتاری کا امریکی وارنٹ
امریکا نے ہندوستان کے معروف تاجر اور صنعتکار گوتم اڈانی کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: امریکا نے گوتم اڈانی کے گرفتاری کے وارنٹ چھبیس کروڑ ڈالر کے فراڈ کے ایک مقدمے میں جاری کئے ہیں۔ ان پر اس حوالے سے رشوت دینے اور دھوکہ دہی کا الزام ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مسٹر گوتم اڈانی کے ساتھ ان کے بھتیجے کی گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کئے گئے ہیں۔
امریکا نے مالی فراڈ کے ایک مقدمے میں مسٹر گوتم اڈانی اور ان کے بھتیجے کی گرفتاری کے وارنٹ ایسی حالت میں جاری کئے ہیں کہ ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعتیں مرکزی حکومت پر مسٹر اڈانی کی حمایت کا الزام لگاتی ہیں۔
حزب اختلاف کی جماعتیں بالخصوص کانگریس پارٹی بارہا حکومت سے مسٹر اڈانی پر لگنے والے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرچکی ہے۔
امریکی عدالت کی جانب سے اڈانی کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد کاںگریسی رہنما راہل گاندھی نے ایک بار پھر مودی حکومت سے اڈانی گروپ کی تحقیقات کے لئےمشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔ مسٹر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ اڈانی بقول ان کے دو ہزار کروڑ روپے کے گھپلے کے ساتھ ہی متعدد گھوٹالوں میں ملوث ہونے کے باوجود آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ مودی حکومت میں مالی بدعنوانی کے الزام میں کئی وزرائے اعلی گرفتار کئے جاچکے ہیں۔