سی پیک پاک چین اقتصادی راہداری
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سی پیک سے چین اور پاکستان دونوں کومعاشی اور تجارتی فائدہ ہوگا ۔
چین کے شہر شنگھائی میں جاری بین الاقوامی درآمدی نمائش سے خطاب کے دوران پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت نئے پاکستان کا نعرہ لگا کرآئی ہے، ہم ہرشعبے میں تبدیلیاں لارہے ہیں، پاکستان ہرلحاظ کے مواقع سے بھر پورملک ہے، سی پیک سے چین اورپاکستان دونوں کو معاشی اور تجارتی فائدہ ہوگا جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری مشرق وسطیٰ کے درمیان رابطے بڑھانے کا باعث بنے گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں شاہراہ قراقرم، سی پیک کے جدید ہائی ویز کے نیٹ ورک کا حصہ ہے جو گوادر کی بندرگاہ سے جوڑتے ہیں اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا نقطہ آغاز بھی ہے جس سے خطے کو بھرپور فائدہ ہوگا۔ ہم شفافیت اور احتساب کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، کاروبار اور حکومت چلانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں۔
چینی صدر شی چن پنگ نے نمائش سے خطاب میں کہا کہ ڈجیٹل ٹیکنالوجی اورمصنوعی ذہانت نے دنیا میں انقلاب برپا کردیا، گلوبلائزیشن نے جنگل کے قانون کا خاتمہ کردیا، چین دیگرممالک کے ساتھ تجارتی فرق ختم کرنا اور درآمدات بڑھا کر عالمی برادری سے تعلقات مستحکم ترکرناچاہتا ہے۔
………………….