ٹرمپ کا یوٹرن، پاکستانی قیادت سے ملاقات کی خواہش
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ نئی پاکستانی قیادت سے جلد ملاقات کرنا چاہتا ہوں۔
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ اجلاس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتا ہے جبکہ نئی پاکستانی قیادت سے جلد ملاقات کا منتظر ہوں۔
صد رٹرمپ کا کہنا تھا کہ سوویت یونین نے افغانستان سے آنے والے دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لئے وہاں حملہ کیا لیکن افغانستان میں لڑتے لڑتے سوویت یونین خود دیوالیہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا سوویت یونین کا فیصلہ درست تھا لیکن افغان جنگ سخت تھی۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ اس خطے میں پاکستان بھی موجود ہے، پاکستان کو لڑنا چاہیے اورامریکا طالبان سے مذاکرات کررہا ہے۔
واضح رہے کہ 2 ماہ قبل امریکی صدر نے پاکستان پر الزام تراشی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے امریکا کے لیے کوئی ایک کام بھی نہیں کیا بلکہ پاکستان نے اسامہ بن لادن کو پناہ دینے میں بھی مدد کی اور پاکستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ہیں۔ جس کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات سخت کشیدہ ہو گئے اور پاکستان نے امریکی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔