Jan ۰۶, ۲۰۱۹ ۰۹:۵۴ Asia/Tehran
  • فرانس میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاجی ریلی

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے فرانسیسی صدر مانوئل میکرون کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیرس میں ییلو ویسٹ نامی تحریک کے حامیوں نے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ہاتھوں میں جھنڈے اور بینرزاٹھا کر احتجاج کیا اور ریلی نکالی ، مظاہرین نے اس دوران حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔

پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی اور ناکامی پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ مشتعل مظاہرین نے متعدد موٹرسائیکلوں کو آگ لگا دی۔

پیرس میں گزشتہ آٹھ ہفتوں سے مظاہرین کی جانب سے ہر ویک اینڈ پر احتجاج کیا جا رہا ہے جب کہ ییلو ویسٹ نامی تحریک کے ترجمان نے اپنے ایک کھلے خط کے ذریعے لوگوں سے حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی ہے۔

فرانس میں 17 نومبر سے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں اب تک تقریباً دس افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

فرانس میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاجی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے جسے روکنے میں حکومت ناکام ہوگئی ہے۔

ٹیگس