سعودی عرب، مصر، متحدہ امارات اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسیوں کے سربراہوں کی ملاقات کا انکشاف
اسرائیل کے بدنام زمانہ جاسوسی ادارے موساد کے سرغنہ یوسی کوہن نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مصر کے جاسوسی اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کی ہے۔
اس بات کا انکشاف آن لائن جریدے مڈل ایسٹ آئی نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے۔ آن لائن جریدے کے مطابق یوسی کوہن کے ساتھ مذکورہ عرب ملکوں کی خفیہ ایجنسیوں کے سربراہوں کی یہ ملاقات خلیج فارس کے ایک ملک میں ہوئی ہے۔
اسرائیل، سعودی عرب، متحدہ عرب امارت اور مصر کی خفیہ انجنسیوں کے سربراہوں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں ایران کے علاقائی اثر و رسوخ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیل کے ٹیلی ویژن دس نے لیبر پارٹی کے سربراہ ایوی گیبے کے خفیہ دورہ متحدہ عرب امارات کا انکشاف کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایوی گیبے نے دو دسمبر دو ہزار اٹھارہ کو متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ اور تین اعلی اماراتی عہدیداروں سے ملاقات کی تھی۔
عرب ملکوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوششیں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب اسرائیل برسوں سے فلسطینیوں کے قتل عام میں مصروف ہے اور اس نے سرزمین فلسطین پر ہی نہیں بلکہ علاقے کے بعض دوسرے عرب اور اسلامی ملکوں کے بعض علاقوں پر بھی ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔