Jan ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۴:۱۲ Asia/Tehran
  • حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کے لئے ٹرمپ کا فارمولہ سینیٹ میں نامنظور

امریکہ میں حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کے لئےصدر ٹرمپ کے منصوبے کو امریکی سینیٹ نے نامنظور کر دیا۔

امریکی صدرٹرمپ میکسیکو کی سرحد پردیوارکی تعمیرکے لئے پانچ ارب ستر کروڑ ڈالر کا بجٹ منظور کروانا چاہتے تھے مگر سینیٹ میں بھی اس بل کو ضروری ووٹ حاصل نہیں ہو سکے۔ سینیٹ میں منظوری کے لئے اس بل کو لازمی ساٹھ ووٹوں کی ضرورت تھی مگر مخالف سینتالیس ووٹوں کے مقابلے میں پچاس ووٹ ملے۔

امریکی سینیٹ میں ایک ساتھ پیش کیا گیا دوسرا بل، دیوار کی تعمیر کے لئے بجٹ کی منظوری کے بغیر حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کئے جانے کے بارے میں تھا اوراس بل کو بھی سینیٹ میں ضروری ووٹ نہیں ملے۔  گذشتہ ہفتے ٹرمپ نے تجویز پیش کی تھی کہ وہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے بجٹ کی منظوری کے عوض ڈیکا قانون پرعمل کرنے کو تیار ہیں تاہم ڈیموکریٹس نے اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکہ میں حکومتی شٹ ڈاؤن کی بنا پر آٹھ لاکھ سے زائد ملازمین تنخواہوں سے محروم ہو گئے ہیں۔

ٹیگس