ایران کے ساتھ یورپی مالیاتی سسٹم بہت جلد فعال ہوجائے گا
یورپی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت کے لئے یورپ کا مالیاتی سسٹم ایس پی وی عنقریب کام کرنا شروع کردے گا ۔ اسی کے ساتھ بعض یورپی سفارتکاروں نے بتایا ہے کہ اٹھائیس جنوری کو اس سسٹم کی رونمائی کی جائے گی
بلومبرگ کے مطابق بریسلز میں یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیدریکا موگرینی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت کے لئے یورپ کے مالیاتی سسٹم کے تعلق سے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور یہ سسٹم عنقریب کام کرنا شروع کردے گا ۔بلومبرگ نے اسی کے ساتھ رپورٹ دی ہے کہ تین یورپی سفارتکاروں نے یہ بھی بتایا ہے کہ یہ سسٹم کب سے کام کرنا شروع کرے گا ۔ ان میں سے ایک یورپی سفارتکار کا کہنا ہے کہ اٹھائیس جنوری کو اس سسٹم کی رونمائی کردی جائے گی ۔ اس یورپی سفارتکار نے بتایا ہے کہ بعض مسائل کی وجہ سے اس پر عمل درآمد میں تھوڑی سی تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔مذکورہ یورپی سفارتکار کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے اراکین نے رواں مہینے کے اختتام تک یورپی مالیاتی سسٹم ایس پی وی کو مکمل طور پر تیارکرنے پر اتفاق کیا ہے ۔رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یورپی مالیاتی سسٹم ایس پی وی کا رجسٹریشن فرانس میں ہوگا اور اس کا چـیف ایک جرمن بینکار ہوگا ۔ بتایا گیا ہے کہ اس مالیاتی سسٹم کے شیئر ہولڈروں میں برطانیہ بھی شامل ہے ۔دو دن قبل فرانس کے وزیر خارجہ جان ایوے لے دریان نے بھی اس امید کا اظہار کیا تھا کہ ایران کے ساتھ تجارت میں سہولت کے لئے یورپی مالیاتی سسٹم ایس پی وی آئندہ چند دن کے اندر آپریشنل ہوجائے گا ۔قابل ذکر ہے کہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے یورپی مالیاتی سسٹم ایس پی وی کے آپریشنل ہونے میں تاخیر پر تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس سسٹم میں تاخیر کے نتائج کی ذمہ داری یورپ پر ہوگی ۔یاد رہے کہ جامع ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کے بعد یورپی ملکوں نے اس بین الاقوامی معاہدے کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔ یورپی ملکوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس معاہدے کی پابندی کریں گے ۔اسی کے ساتھ یورپی یونین نے امریکا کی ایران مخالف پابندیوں کو غیر موثر بنانے کے لئے ایس پی وی کے نام سے ایک مالیاتی سسٹم تیار کرنے کا اعلان بھی کیا تھا تاکہ ایران کے ساتھ تجارت میں مالی ٹرانزیکشن میں کوئی رکاوٹ نہ آئے ۔