وینزوئیلا پر دباؤ بڑھانے کے لئے اس کے تیل اور گیس پر امریکی پابندی
امریکی حکومت نے وینزوئیلا کے صدر نیکولس مادورو کی حکومت پر دباؤ بڑھانے کی غرض سے وینزوئیلا کی تیل اور گیس کی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ اس ملک کی قانونی حکومت کے خلاف اپنی بغاوت کی کوشش کو کامیاب بنا سکے-
امریکا کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر جان بولٹن اور وزیرخزانہ اسٹیون منوچین نے وائٹ ہاؤس میں دو ہزار انیس کی اپنی پہلی کانفرنس میں کہا ہے کہ آج کے بعد امریکا نے وینزوئیلا کی تیل اور گیس کی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی ہے اور یہ پابندی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اقتدار بقول امریکی حکام، کسی مناسب فریق کے سپرد نہیں کر دیا جاتا-
جان بولٹن اور منوچین نے کہا کہ وینزوئیلا کے تیل و گیس سے حاصل ہونے والی آمدنی اور اثاثوں کو بھی امریکا میں منجمد کردیا جائے گا-
امریکی وزیر خزانہ نے وینزوئیلا کی قانونی حکومت کے خلاف بغاوت کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لئے کہا کہ وہ وینزوئیلا کی دولت اور اثاثوں کا بڑا حصہ امریکا میں ضبط کر لیں گے-
اس پریس کانفرنس کے چند گھنٹے کے بعد ایسوشی ایٹڈ پریس نے جان بولٹن کی ایک تصویر جاری کی جس میں دکھایا گیا کہ ان کے پاس ایک پرچہ موجود ہے جس پر لکھا ہوا ہے کہ پانچ فوجیوں کی کولمبیا روانگی-
اس تصویر کے منظر عام پر آنے کے بعد یہ افواہ گردش کرنے لگی کہ جلد ہی امریکی فوجیوں کو کولمبیا میں وینزوئیلا کی سرحد کے قریبی علاقوں کے لئے روانہ کیا جائے گا-
اس درمیان وینزوئیلا کے صدر نیکولس مادورو نے واشنگٹن کے ذریعے وینزوئیلا کے تیل اور گیس پر پابندی عائد کرنے کے اعلان کے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی پابندی کا مقصد وینزوئیلا سے تیل کی پیداوار کے مواقع کو چھین لینا ہے-
ان کا کہنا تھا کہ وینزوئیلا کی قومی تیل کمپنی جلد ہی تیل کی پیداوار کی حمایت کے لئے اپنے قانونی اقدامات شروع کر دے گی-
واضح رہے کہ امریکا اور بعض یورپی ملکوں نے پچھلے ہفتے سے وینزوئیلا کی موجودہ قانونی حکومت کو گرانے کی اپنی کوششیں تیز کردی ہیں-
البتہ امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں کی ان کوششوں کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب سلامتی کونسل میں روس اور چین کی جانب سے امریکا کے اس مسودہ قرارداد کو ویٹو کر دیا گیا جو اس نے وینزوئیلا کی قانونی حکومت کے خلاف پیش کیا تھا-
اس درمیان دنیا کے بہت سے ملکوں منجملہ ایران، کیوبا، ترکی، نیکاراگوئے، جنوبی افریقہ، روس، ہندوستان اور چین جیسے ملکوں نے وینزوئیلا کے قانونی اور منتخب صدر نیکولس مادورو کی حمایت کا اعلان کیا ہے-