فرانس میں احتجاج اور مظاہرے
فرانس میں ایندھن کے ٹیکس میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف ییلو ویسٹ والوں کا مظاہرہ جاری ہے۔
فرانس انفونے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ فرانس میں پیلی جیکٹ والوں کا احتجاج بارہویں ہفتے میں داخل ہو گیا، کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
پیرس کے ری پبلک پلازہ کے قریب پیلی جیکٹ (ییلو ویسٹ)مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، مظاہرین نے سڑکوں پر توڑ پھوڑ کی، عمارتوں اورگاڑیوں کو آگ لگائی۔ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا،فرانسیسی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا اور متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا۔
واضح رہے کہ سترہ نومبر سے صدر میکرون کی پالیسیوں پر عمومی احتجاج کیا جا رہا ہے جس پر قابو پانے کے لیے فرانسیسی صدر کی جانب سے پندرہ جنوری سے دو ماہ پر مشتمل ملک گیر بحث کرانے کے اعلان کے باوجود احتجاج کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے اور لوگ صدر میکرون کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ فرانس میں حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے خلاف احتجاج اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں اب تک تقریباً دس افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔
فرانس میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاجی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے جسے روکنے میں حکومت ناکام ہو گئی ہے۔