آئی این ایف سے امریکا کی علیحدگی،میونخ کانفرنس کے سربراہ کا انتباہ
میونخ سیکورٹی کانفرنس کے سربراہ نے آئی این ایف معاہدے سے امریکا کے نکل جانے کے نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے یورپی یونین سے کہا ہے کہ وہ اس مسئلے میں ایک ٹھوس اور متحد موقف اپنائے۔
میونخ سیکورٹی کانفرنس کے سربراہ ولفاگانگ ایشنگر نے پہلے امریکا اور پھر بعد میں روس کے بھی اس معاہدے سے نکلنے کے اعلان کے پیش نظر یورپی یونین سے کہا ہے کہ وہ اس معاہدے کے بارے میں ایک واضح اسٹریٹیجی اپنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ دوہزار انیس میں اور زیادہ ناقابل اعتماد ہوجائیں گے۔
میونخ سیکورٹی کانفرنس کے سربراہ ولفانگ ایشینگر نے کہا کہ ہتھیاروں کے کنٹرول کا عمل تباہی کے خطرے سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ اس وقت سیاسی اور سیکورٹی کی مشکلات سے دوچار ہے۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پمپیؤ نے کہا ہے کہ امریکا روس کے ساتھ ہوئے آئی این ایف معاہدے سے ایک سو اسّی روز کے لئے نکل رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس معاہدے نے امریکا اور روس کو یورپ میں کروز اور بیلسٹک میزائلوں کو نصب کرنے سے منع کر رکھا ہے۔