وینزویلا میں امریکہ کی فوجی مداخلت
امریکہ نے وینزویلا میں فوجی مداخلت شروع کر دی ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ نے وینزویلا میں سیاسی بحران میں ناکامی کے بعد اب اس ملک میں فوجی مداخلت کے ذریعے وینزویلا کی فوجی شخصیات کو صدر نکولس مادورو کی حمایت سے دستبردار کرانے کے لیے رابطوں کا آغاز کردیا ہے۔
امریکہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نیوز ایجنسی کو بتایا ہے کہ فوج سے رابطے کا مقصد اسے نکولس مادورو کی حمایت سے دستبردار کرانا ہے۔ امریکی عہدیدار نے یہ عندیہ بھی دیا کہ مادورو پر نئی پابندیاں بھی عائد ہونے والی ہیں۔ امریکی اقدامات کا مقصد صدر پر دباؤ بڑھانا ہے۔
عالمی خبررساں ایجنسی نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ وینزویلا کی فوج کے اندر ٹوٹ پھوٹ کے ساتھ مادورو کی حمایت سے دستبرداری کی امید رکھتی ہے تاہم امریکی مداخلت کے باوجود وینزویلا کی افواج ابھی تک آئینی صدر نکولس مادورو کے ساتھ وفاداری نبھا رہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نےوینزویلا میں سیاسی بحران پیدا کیا اوراپوزیشن کی ریلی میں اسپیکر خوآن گائیڈو نے اپنے صدر ہونے کا اعلان کیا جس کے بعد امریکہ اور یورپی یونین سمیت چند ممالک نےخوآن گائیڈو کو عبوری صدر تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔