Feb ۱۶, ۲۰۱۹ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • امریکہ میں فائرنگ سے 11ہلاک و زخمی

امریکہ میں ہونے والی فائرنگ سے مزید 11 افراد ہلاک و زخمی ہو گئے ہیں۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کے شہر شکاگو کے قریب مسلح شخص نے ایک کارخانے میں داخل ہو کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5افراد ہلاک اور 5 پولیس افسران زخمی ہوگئے ہیں۔

مسلح شخص نے جب ارورا شہر کے کارخانے میں فائرنگ کی تو وہاں موجود افراد نے بھاگ کر قریبی عمارت میں پناہ حاصل کی اور اپنی جانیں بچائیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فائرنگ کی اطلاع پر پولیس بروقت جائے وقوع پر پہنچی جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور ہلاک ہو گیا۔

ملزم کی شناخت گری مارٹن کے نام سے کی گئی ہے جو 45 سال کا بتایا جاتا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک عینی شاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص مارٹن انہی کا ساتھی تھا۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تاحال فائرنگ کرنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔ پولیس نے جائے وقوع سے ثبوت وشواہد اکٹھا کرکے تفتیش و تحقیق کا آغاز کردیا ہے۔

امریکہ میں آتشیں اسلحوں سے  فائرنگ میں ہر سال کئی ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ اسلحہ کی آزادانہ نمائش کے خلاف قوانین سخت بنانے کے عوامی مطالبے کے باوجود طاقتور اسلحہ لابی کے اثر و رسوخ کی وجہ سے امریکی حکومت اور کانگریس، قانون سازی سے پہلو تہی کرتی آرہی ہے۔

 

ٹیگس